توشہ خانہ کیس: سپریم کورٹ  کی عمران خان کو اعتراضات دور کرکے اپیل جمع کروانے کی ہدایت

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابات سے قبل مجھے نااہل کرنا میرے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں۔ ہائی کورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا اور بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

04:31 PM, 23 Dec, 2023

نیا دور

سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان ن کی توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کیلئے دائر درخواست اعتراض لگا کر واپس کرتے ہوئے اعتراضات دور کرکے اپیل جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کروانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم سپریم کورٹ آفس نے اعتراض عائدکرتے ہوئے درخواست واپس کردی ہے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ انہوں نے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات سے قبل مجھے نااہل کرنا میرے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جلد بازی کا مظاہرہ کرکے مجھے 8 اگست کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا، جبکہ تحریک انصاف کو پارٹی نشان بلے سے بھی محروم کر دیا گیا۔

عمران خان نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہوچکی ہے۔ لیکن ہائی کورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں۔ ہائی کورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا اور بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ انتخابات قریب ہیں۔ بانی پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیراعظم ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے۔

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کیلئے دائر درخواست پر اعتراض عائد کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ دفتر نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کردی۔

دفتر کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ اپیل کے ساتھ لف کیے گئے دستاویزات نامکمل ہیں۔  تمام متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ اپیل 6 جنوری تک دائر کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ مکمل طور پر معطل کرنے کی متفرق درخواست مسترد کر دی تھی۔

مزیدخبریں