عمران خان دورہ سری لنکا کیلئے بھارتی فضائی حدود استعمال کریں گے، بھارت نے اجازت دے دی

09:50 AM, 23 Feb, 2021

نیا دور
وزیراعظم پاکستان عمران خان دورہ سری لنکا کیلئے بھارت کی فضائی حدود استعمال کریں گے۔


بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت نے عمران خان کے جہاز کو سری لنکا کے پہلے سرکاری دورے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔


یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے کی دعوت پر دورۂ سری لنکا کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِاعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔


عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری ہیں۔

واضح رہے کہ2019 میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف پاکستان نے بھارت کے صدر رام ناتھ کووند کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔

 

صدر رام ناتھ کووند فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آئس لینڈ جانا چاہتے تھے۔

 

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے بھارت کے صدر کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

 

شاہ محمود قریشی کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے صدر نے پاکستان سے ایئر اسپیس استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم نئی دہلی کے رویے کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔
مزیدخبریں