قومی اسمبلی کا اجلاس 26 سے 28 فروری کو بلانے کی تجویز

وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی۔

03:45 PM, 23 Feb, 2024

نیا دور

وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے 26 سے 28 فروری کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ دوسری جانب آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جو کہ 2 گھنٹے 18 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اُٹھا لیا۔ سپیکر سبطین خان نے حلف لینے کے بعد ارکان کو مبارکباد دی۔

اجلاس سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین شاہ کا کہنا تھا کہ آج حلف برداری کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں پر کام باقی ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا فیصلہ کریں گے۔

اسمبلی کے سیکریٹری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ایوان میں اکثریت رکھنے والی پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کی جانب سے ملک احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنائے جانے کا امکان ہے۔

صوبائی اسمبلی میں کیے گئے اعلان کے مطابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی آج شام پانچ بجے سے پہلے اسمبلی کے سیکریٹری کے پاس جمع کروائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل بھی آج ہی مکمل کیا جائے گا۔ اسمبلی کے سیکریٹری کے مطابق ہفتے کے روز سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔

اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں