ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی آفر، بھارت میں کہرام مچ گیا

08:43 AM, 23 Jul, 2019

نیا دور
ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کو ثالثی کی پیشکش بھارتیوں کو پسند نہیں آئی، مودی حکومت اور بھارتی میڈیا نے صف ماتم بچھا لی، ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملنے کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ون آن ون ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کیلیے کردار ادا کرسکوں تو خوشی ہوگی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی مسئلہ کشمیر پر مدد کے لیے کہا ہے۔

امریکی صدر کی اس پیشکش پر بھارت میں کہرام مچ گیا ہے، مودی حکومت اور بھارتی میڈیا میں ٹرمپ کی اس پیشکش کے بعد صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ٹرمپ کی پیشکش کی خبر دنیا بھر میں بریکنگ نیوز کے طور پر نشر ہونے کے بعد ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے کبھی صدر ٹرمپ سے درخواست نہیں کی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے ٹرمپ کے بیان کو غلط قرار دینے کی کوشش کی اور کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب معاملات کو باہمی طور پر مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان سے مذاکرات اسی وقت ممکن ہوں گے جب وہ سرحد پار ہونے والی دہشت گردی ختم کرے۔



دو حصوں پر مشتمل ٹویٹ میں انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے مابین تعلقات دو طرفہ نوعیت کے ہیں اور ان کو حل کرنے کے لیے شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ موجود ہیں۔



دوسری جانب کانگریس کے رہنماء بھی ٹرمپ کی پیشکش پر آگ بگولا ہوگئے، راہول گاندھی نے بھی اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر کی پیشکش پر تنقید کی۔



پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکا نے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیام امن دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے اس معاملے میں بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے امریکی صدر کو آگاہ کیا ہے۔
مزیدخبریں