اسامہ بن لادن کا پتہ چلانے میں آئی ایس آئی نے امریکہ کی مدد کی، عمران خان

01:05 PM, 23 Jul, 2019

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے میں پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے امریکہ کی مدد کی تھی، اگر آپ سی آئی اے سے پوچھیں تو وہ بھی اعتراف کریں گے۔

دورہ امریکہ کے دوران ٹی وی چینل فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں روپوش القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے بارے میں خفیہ اطلاعات پاکستانی انٹیلیجنس نے امریکی حکام کو مہیا کی تھیں۔

فوکس نیوز کے میزبان بریٹ بائیر نے پاکستانی وزیر اعظم سے بن لادن کے بارے میں سوال پوچھا، تو عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہم ہمیشہ یہ محسوس کرتے تھے کہ ہم امریکہ کے اتحادی ہیں۔ اور اگر ہم نے بن لادن کے بارے میں امریکہ کو اطلاع دی تھی، تو انہیں پکڑنا بھی ہمیں ہی چاہیے تھا، امریکہ کو اطلاع آئی ایس آئی نے دی تھی۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ آئی ایس آئی ہی تھی، جس نے امریکہ کو وہ اطلاعات مہیا کی تھیں، جن کی بنیاد پر یہ طے ہو سکا تھا کہ بن لادن کہاں چھپے ہوئے تھے۔ اگر آپ سی آئی اے سے پوچھیں، تو وہ بھی یہی کہیں گے کہ پاکستان کی انٹرسروسز انٹلیجنس ہی وہ ایجنسی تھی، جس نے ٹیلی فون رابطے کی بنیاد پر اس بارے میں اولین اطلاع دی تھی کہ بن لادن کہاں تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سرکاری سطح پر ہمیشہ اس بات سے انکار  کیا ہے کہ اسے یہ خبر تھی کہ اسامہ بن لادن کہاں چھپے ہوئے تھے، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے میں آئی ایس آئی نے امریکہ کی مدد کی تھی۔
مزیدخبریں