الیکشن کمیشن نے عمران خان کے الزامات پر مبنی جمعرات کی تقریر کا مسودہ منگوا لیا

07:54 AM, 23 Jul, 2022

نیا دور
الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الزامات پر مبنی چئیرمین پی ٹی آئی کی جمعرات کو کی گئی تقریر کا مسودہ منگوالیا۔

جمعرات کے روز لاہور کے لبرٹی چوک میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کیا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کی تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہرانے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا، جنہوں نے پنجاب ضمنی الیکشن کروایا انہیں سزا دینی چاہیے۔

تاہم اب الیکشن کمیشن نے عمران خان کی اس تقریر کا مسودہ پیمرا سے منگوالیا ہے اور اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا وقت بتائے گا کہ بددیانت کون ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن چوروں اور لوٹوں کو جتانےکی کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا، حکومتی لوگوں کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے۔

جس پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو خط لکھتے ہوئےعمران خان کے الزامات کا نوٹس لیا تھا ۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی بھکر اور لیہ میں تقریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا جب کہ 8 جولائی کو خوشاب میں کی جانے والی تقریر کا ریکارڈ بھی مانگا گیا تھا۔
مزیدخبریں