کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، بڑے شہروں کے اندر مویشی منڈی نہ لگانے کا فیصلہ

01:32 PM, 23 Jun, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پنجاب کے بڑے شہروں کے اندر مویشی منڈی نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور شہر میں مویشی منڈی لگانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے باہر کم آبادی والے علاقوں میں منڈیوں کے قیام کی تجویز ہے جبکہ شہری قربانی کے جانور کیسے خریدیں گے اس حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کا کام جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے چند روز میں ایس اوپیز وضع کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جس کی وجہ سے وہاں بیشتر علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے۔

ملک میں اب تک کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 3695 ہوگئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 185034 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پنجاب میں کرونا سے 1495 اور سندھ میں 1103 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 843 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 104، اسلام آباد میں 106، گلگت بلتستان میں 22 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 22 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
مزیدخبریں