'فیصلہ کچھ بھی آئے، کیس ملٹری کورٹس میں ہی چلیں گے'

05:28 PM, 23 Jun, 2023

نیا دور
فیصلہ ہو چکا ہے کہ یہ بنچ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ کچھ بھی آئے، 9 مئی کے ملزمان کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں جاری رہیں گے اور انہیں سزائیں ملیں گی۔ یہ کہنا ہے مزمل سہروردی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ ستمبر میں جب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنیں گے تو وہ اس بنچ کی ساری کارروائی اور فیصلوں کو غیر قانونی قرار دے دیں گے۔ قاضی فائز عیسیٰ کا آج کا نوٹ چیف جسٹس کے خلاف چارج شیٹ ہے اور جسٹس بندیال پہلے چیف جسٹس ہوں گے جنہیں کٹہرے میں کھڑے ہو کر ان باتوں کا جواب دینا پڑے گا۔

مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ نواز شریف ستمبر کے آخر سے پہلے ملک واپس نہیں آئیں گے۔ وقت سے پہلے ہی 8 اگست کے قریب قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی اور عمران خان کی اگلی گرفتاری موجودہ حکومت کے دور میں نہیں بلکہ نگران حکومت میں ہو گی۔

عمران وسیم نے کہا پی ٹی آئی سے متعلقہ مقدموں کے برعکس ملٹری کورٹس والے مقدمے میں جج صاحبان کے ریمارکس بہت محتاط ہیں۔ فروغ نسیم کے وزیر اعظم کے وکیل کے طور پر پیش ہونے سے یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ وہ صرف وزیر اعظم ہی کی نمائندگی نہیں کر رہے۔

اویس بابر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اگر ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے خلاف فیصلہ دیتی ہے تو قاضی فائز عیسیٰ اسے ریورس نہیں کریں گے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں