کراچی پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر منچلوں کو پکڑ کر مرغا بنا دیا

10:20 AM, 23 Mar, 2020

نیا دور
کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے منچلوں کو پکڑ کر مرغا بنا دیا۔

کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کراچی سمیت صوبے بھر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام غیر ضروری طور پر اپنے گھروں نہ نکلیں، اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رات 12 بجتے ہی صوبے بھر میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے گشت شروع کر دیا اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تمام غیر ضروری دکانیں بند اور عوام کو گھروں پر رہنے کے اعلانات بھی کیے گئے۔

حکومتی احکامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلانات کے باوجود کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 5 کورنگی روڈ پر کچھ منچلے باہر نکل آئے۔ پولیس نے بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے والے منچلوں کو دھر لیا اور انھیں سڑک پر مرغا بنا دیا جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی میں پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔

مزیدخبریں