کرونا وائرس: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا اعلان

12:59 PM, 23 Mar, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کے خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج کو طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے ملک بھر میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وزارت داخلہ نے فوج بلانے کی منظوری دی جب کہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آزادکشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کر دی گئی ہے۔

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاک افواج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے تمام جوانوں اور طبی وسائل کو مختصر نوٹس پر تیار رہنے کا ٹاسک دیا تھا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ایمان، اتحاد اور نظم کے ساتھ کرونا وائرس سمیت تمام چیلنجز کو شکست دیں گے۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں سپیشل کورکمانڈرکانفرنس ہوئی، کور کمانڈرز نے اپنے اپنے ہیڈکواٹرز سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ سپیشل کور کمانڈر کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا کرونا وائرس تھا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی قوم کو کوئی ہرا نہیں سکتا، پاک فوج ملک کی خدمت اور حفاظت کرتی رہے گی۔

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاک افواج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ در حقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے۔
مزیدخبریں