محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی ذیلی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق 25 اور 26 مارچ کے لیے رینجرز اور پولیس کی نفری کو بھی نیب دفتر اور گرد و نواح میں تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے رینجرز کی خدمات لینے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
نیب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں قانون کے مطابق دو انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر مبینہ طور پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور دیگر افراد کی طرف سے نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔
لہٰذا نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات خصوصاً نیب لاہور کی عمارت کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔