یہ بڑا انکشاف انہوں نے جی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے سوال کیا کہ کیا ان ڈھائی افراد میں سے ایک سندھ اور خیبر پختونخوا سے بھی ہو سکتا ہے، اس کے جواب میں فیصل ووڈا کا کہنا تھا کہ بھٹی صاحب آپ کا تجربہ میرے والد صاحب جتنا ہے، آپ کو سب کچھ پتا ہے، نام لینے کی ضرورت نہیں، جب ایسا کچھ ہوگا، میں گریبان پکڑوں گا، آپ کو خود بخود پتا چل جائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت ملکی سیاست میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد شروع کر دی گئی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی میں سے چند منحرف ارکان نے وزیراعظم کے خلاف ووٹ دینے کا ارادہ کیا ہے، جن میں سے چند اس وقت اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو وقت قریب ہے۔ میرے جیسے لوگ جن کو ﷲ پاک نے عزت اور رزق سے نوازا ہے۔ ہم انہیں گریبان سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے لے جائیں گے۔ کوئی مائنس عمران خان فارمولہ نہیں ہے۔ عمران خان پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ہی عمران خان ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دو پورے اور ایک آدھا ہے لیکن ان کو اپنے گھر کے بھی ووٹ نہیں ملیں گے۔ ان کی میں نے کابینہ میں بھی نشاندہی کی ہے اور جب میں ان کے بارے میں ٹی وی پر بات کرنا شروع کرتا ہوں، یہ لوگ عمران خان صاحب کی تعریف شروع کر دیتے ہیں۔