شیرانی کے جنگل میں لگی آگ تاحال بے قابو، وادی تیرہ میں بھی آگ، مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ پھر بھڑک اٹھی

06:27 AM, 23 May, 2022

نیا دور
بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر دو ہفتے بعد بھی قابو پایا نہیں جا سکا ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق شیرانی کے جنگلات کے بلند مقامات پر پیدل پہنچنے والے رضاکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ بجھانے کے لیے روایتی طریقے اپنائے جا رہے ہے۔

فاریسٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ سے ضلع شیرانی میں جنگلات کا 35 فیصد حصہ جل چکا ہے، انتظامیہ تاحال آگ لگنے کی وجوہات سے لاعلم ہے، آگ اندازاً 5 سے 6 کلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

کمشنر شیرانی کا کہنا ہے کہ ایرانی فائر فائٹر جیٹ سے آگ بجھانے کا آپریشن ابھی شروع نہیں ہو سکا ہے، آگ بجھانے کے لیے عالمی اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

کوہ سلیمان کے بلند سمزی دیہات کے اطراف میں آگ پہنچ چکی ہے، جنگل کے اس حصے میں 50 کے قریب گھر آباد ہیں، مکینوں کو محفوظ مقام پر پہنچانےکے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

لیویز حکام کے مطابق شیرانی کے جنگل میں لگنے والی آگ خڑوبئی، سمزئی، شرغلئی کے پہاڑی علاقوں تک پھیل گئی ہے، خڑوبئی، سمزئی، شرغلئی میں فاصلے پر 100 کے قریب مکانات ہیں، مکینوں کی منتقلی کے لیے رضاکار اور لیویز حکام پہنچ گئے ہیں۔

رضا کاروں کا کہنا ہے کہ جنگلات میں رہائش پذیر تین خاندانوں نے علاقہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے، تین خاندان 4 ہزار فٹ بلند پہاڑی پر غار نما گھروں میں مقیم ہیں۔ جنگل، جنگلی حیات اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے فاریسٹ رینجز زونز میں دفعہ 144 نافذ کرکے فاریسٹ رینجز اور زون میں آگ جلا کر پکنک منانے سمیت ہر قسم کی عوامی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے پابندی سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وادی تیراہ میں بھی جنگلات میں آگ لگ گئی

دوسری جانب ضلع خیبر وادی تیراہ کے پہاڑوں میں قدرتی جنگلات میں آگ لگی جس نے کئی کلومیٹر پر محیط جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق وادی تیراہ بازگڑہ کے پہاڑ میں قدرتی جنگلات میں گزشتہ روز اچانک آگ لگی جس نے تیزی سے پھیلتےہوئے چار کلومیٹر پر محیط قدرتی جنگلات کو لپیٹ میں لے لیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ آگ بجھانے میں فرنٹئیرکور ، ریسکیو اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہے تاہم آگ پرفوری قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور آگ مزید پھیل رہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بازگڑہ کے مضافاتی آبادی کو محفوظ مقام پرمنتقل کردیا۔

اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر دوبارہ آگ بھڑک اٹھی

ادھر اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر دوبارہ آگ بھڑک اُٹھی جس پر قابو پانے کے لیے سی ڈی اے اور وائلڈ لائف مینجمنٹ کے عملے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں پر گولڑہ رینج میں آگ لگی ہے جس نے کافی حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔

سی ڈی اے ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم آگ پر ایک جانب سے قابو پا لیاگیا ہے اور دوسری جانب بھی آگ بھجانے کی کوششیں جاری ہیں ۔

وائلڈ لائف مینجمنٹ کے مطابق آگ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کی مارگلہ ہلز کی پٹی پر لگی ہے جس پر قابو پانےکے لیے 40 فائر فائٹرز مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی کی ویڈیو سامنے آئی تھی اور اس موقع پر ڈولی نامی ٹک ٹاکر ویڈیو بنارہی تھی، معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
مزیدخبریں