پاکستان نے 100 طالبان قیدیوں کو ڈی ریڈیکلائزیشن کی تربیت مکمل کئے بغیر رہا کردیا

07:42 AM, 23 Nov, 2021

عبداللہ مومند
اسلام آباد: حکومت پاکستان اور کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے درمیان ممکنہ مبینہ معاہدے کے شرائط کے تحت پاکستان نے 100 کے لگ بھگ طالبان قیدیوں کو رہا کردیا مگر ان قیدیوں کو ڈی ریڈیکلائزیشن کی بنیادی عمل مکمل کئے بغیر رہا کیا گیا۔

ایکسپریس ٹریبیون میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق سو سے زیادہ طالبان قیدیوں کو گزشتہ روز حکومت نے رہا کردیا لیکن ڈی ریڈیکلائزیشن کی چھ مہینے تربیت مکمل کئے بغیر ان کو رہا کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وہ تمام افراد جو جہادی یا مذہبی شدت پسند گروہ سے وابستہ رہے ہوں، ریاست کی تحویل میں آنے کے بعد ان کو دوبارہ شدت پسندی کا حصہ بننے سے روکنے کے لئے چھ مہینے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے مگر ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ ان تمام افراد کو تربیت مکمل کئے بغیر رہا کیا گیا۔

ٹریبیون کی خبر کے مطابق یہ قیدی تحریک طالبان پاکستان کے معاہدے کے تحت رہا نہیں کئے گئے بلکہ یہ نارمل قیدی تھے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹی پی اور حکومت پاکستان کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں اور ٹی ٹی پی کی جانب سے ایک ماہ کی جنگ بندی کا بھی اعلان کیا گیا۔ خبروں کے مطابق ٹی ٹی پی کے ساتھ امن معاہدے میں پاکستان کو مسلم خان سمیت دیگر ہائی پروفائل قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔
مزیدخبریں