تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے 21 نومبر کو کراچی سے تعلق رکھنے والی معذور بچی کے کیس کا فیصلہ سنایا اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) کو حکم دیا کہ وہ بچے جن کی پرورش اکیلی ماں یا باپ نے کی ہے ان کے شناختی کارڈ کا اجرا خاتون یا مرد سرپرست کے نام پر کیا جائے۔
دوسری جانب معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے سندھ ہائیکورٹ کے شناختی کارڈ سے متعلق فیصلے پر خوشگوار رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
حدیقہ کیانی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا اور لکھا کہ صرف اللہ ان خواتین کی مشکلات جانتا ہے جو اس ملک میں اپنے بچوں کی تنِ تنہا پرورش کررہی ہیں۔
حدیقہ نے یہ بھی لکھا کہ آج اس فیصلے کے بعد ہمارا ملک ایک قدم آگے کی جانب بڑھ گیا ہے۔
گلوکارہ نے عدالتوں میں قانونی جنگ لڑنے والے تمام مرد و خواتین کا شکریہ ادا بھی کیا، جنہوں نے سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ حدیقہ کیانی کا ایک بیٹا نادِ علی ہے جو انہوں نے گود لیا ہوا ہے۔