'عاصمہ جہانگیر کانفرنس: انٹرنیٹ کو بند کا حکم پی ٹی اے نے دیا تھا'

02:58 PM, 23 Nov, 2021

نیا دور
اطلاعات ہیں کہ لاہور میں گذشتہ دنوں منعقد ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن کے دوران انٹرنیٹ معطل کرنے کے احکامات پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے دیے تھے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ اس کانفرنس کے اختتامی سیشن سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے انٹرنیٹ کے ذریعہ خطاب کرنا تھا لیکن اس کی شروعات ک کچھ لمحوں بعد ہی آواری ہوٹل میں انٹرنیٹ کی بندش ہو گئی تاہم نواز شریف نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنا خطاب جاری رکھا۔

دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کو ایک ایل میل کے ذریعے سختی سے ہدایات جاری کی گئی تھی کہ آواری ہوٹل کے 2 کلومیٹر کے دائرے میں ہر قسم کی انٹرنیٹ سروسز کو 21 نومبر کی شام 4 بج کر 45 منٹ سے تاحکم ثانی بند کر دیا جائے۔



پی ٹی اے ترجمان نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اس کا کوئی علم نہیں ہے، وہ وزارت داخلہ سے پوچھ کر ہی کچھ بتا سکتے ہیں کہ انٹرنیٹ سروسز کی بندش کیوں کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں کئی غیر ملکی سفیر اور مہمانوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ انٹرنیٹ بندش سے انھیں بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ منتظمین سے سوالیہ انداز میں پوچھتے رہے کہ انٹرنیٹ سروس کیوں بند ہوئی ہے۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے منتظمین نے ایک بیان میں پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز کی بندش پر شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیا ہے۔
مزیدخبریں