آرمی چیف کی تعیناتی پر صدر مجھ سے ضرورمشورہ کریں گے: عمران خان

04:18 PM, 23 Nov, 2022

نیا دور
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے  صدر عارف علوی سے رابطے میں ہوں۔ سمری پر صدر مملکت مجھ سے ضرور بات کریں گے۔

نجی نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ اہم عسکری تعیناتی کے حوالے سے صدر سے رابطے میں ہوں اور سمری سے متعلق صدر مجھ سے بات کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ملک کا وزیراعظم ایک مفرور سے اہم تقرری کے لئے مشورہ کرنے کے لئے جاسکتا ہے تو میں اپنی پارٹی کا سربراہ ہوں اور صدر مجھ سے اس بارے میں ضرور بات کریں گے۔ سمری آنے کے بعد میں اور صدر آئین و قانون کے مطابق کھیلیں گے۔ نام فائنل ہونے کے بعد اپنے سیاسی حق کا استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جو حالات بنا دیئے گئے قوم میں جذبہ ہے اسے قبول نہیں کرے گی ملک جس طرح چلایا جا رہا ہے قوم اسے مزید قبول نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہے اپنا آرمی چیف لاکر ہمیں مار پڑوائے گا تو قوم اس کیخلاف کھڑی ہوگی مجھ پر جو حملہ ہوا شہبازشریف پورا ملوث تھا اور نوازشریف بھی جانتاہوگا۔ جون میں بتا دیا تھا کہ میرےکو مارنےکا منصوبہ بند کمروں میں بنایا گیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ ایک مفرور اور سزا یافتہ انسان ملک کی اہم عسکری تقرری کا فیصلہ کرے۔ نواز شریف جس کا بھی تقرر کرے گا وہ پاکستان کے مفاد کےلئے نہیں ہو گا اس کے اپنے مفاد کے لئےہو گا۔ نواز شریف کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آدمی لے کر آئے۔ اگر وہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لے آتا ہے تو وہ آرمی چیف پہلے دن سے ہی متنازع ہو جائے گا۔  نواز شریف کی کوشش یہ ہے کہ کوئی ایسا آدمی آئے جو عمران خان کو، پوری پی ٹی آئی کو ختم کردے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے  مزید کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ فوری انتخابات کروائے جائیں۔ مرضی کا آرمی چیف، چیئرمین نیب نہیں چاہتا صرف اداروں میں میرٹ چاہتا ہوں۔ شریف خاندان اور آصف زرداری نے اداروں سے میرٹ ختم کردیا ۔ اپنے خاندانوں کو نوازا۔ جو قابل لوگ ان کی پارٹیوں میں تھے ان کو میرٹ کے مطابق آگے نہیں لائے تو ان کی پارٹیاں بھی چھوٹی ہوتی گئیں۔ اسی لئے اب ساری چھوٹی چھوٹی پارٹیاں ملک کے اکٹھے ہوئے ہیں میرے خلاف۔ نیب کا سربراہ وہ لائے ہیں جو ان کے کرپشن کیس ختم کر رہا ہے۔ ایف آئی اے میں اس کو لائے کہ شہباز شریف کے کیسز ختم کروائے۔ اپنے آپ کو بچانے کے لئے ایسے لوگوں کو لاتے ہیں جس سے ادارے برباد ہوگئے۔ باقی ادارے ان دو خاندانوں نے ختم کر دیئے صرف فوج کا ادارہ بچا ہوا ہے۔ اسی لئے میں نے کہا کہ جو  میرٹ پر پورا آتا ہے اس کو  آرمی چیف بنا دیں۔  میں نے کون سا اپنے خلاف کرپشن کیسز ختم کروانے ہیں یا الیکن جیتنے کے لئے مجھے ان کی مدد چاہیے۔
مزیدخبریں