پی ٹی آئی کو 20 دن میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم

الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔پارٹی الیکشن دوبارہ نہ کروانے پر انتخابی نشان کیلئے نااہل ہوگی.

02:46 PM, 23 Nov, 2023

نیا دور

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا بلے کا نشان برقرار رکھتے ہوئے 20 روز میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

ای سی پی نے فیصلے میں تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔ پاکستان تحریک انصاف 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کے بعد 7 روز کے اندر رپورٹ جمع کروائے۔  پارٹی الیکشن نہ کروانے پر انتخابی نشان کیلئے نااہل ہوگی.

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 2 اگست کو نوٹس جاری کیا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کیلئے نااہل کیوں نہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوسری جانب انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل آ گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا۔ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے الیکشن آئین و قانون کے مطابق کروائے تھے۔ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی انتخابات آئین کے مطابق نہیں ہوئے بلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں۔ 

فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ‏ الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

مزیدخبریں