واٹس ایپ کے بعد فیس بک اور میسنجر میں بھی بڑی تبدیلی

میٹا کے مطابق فیس بک پر یہ نیا فیچر پیجز کے لیے دستیاب ہوگا اور ابھی اس کی آزمائش ایسے صارفین میں کی جارہی ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیجز کو چلاتے ہیں۔

11:34 AM, 23 Oct, 2023

نیا دور

میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ میں ان گنت فیچرز کے بعد اب فیس بک اور میسنجر میں بھی بڑی تبدیلی ہونے جارہی ہے۔

میٹا نے جون 2023 میں ٹیلی گرام چینلز جیسا فیچر براڈ کاسٹ چینلز انسٹا گرام کا حصہ بنایا تھا۔ اس کے بعد ستمبر میں واٹس ایپ میں چینلز فیچر کو دنیا بھر میں متعارف کرایا گیا۔اب کمپنی کی جانب سے فیس بک اور میسنجر میں بھی اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں فیس بک اور میسنجر پر بھی چینلز کا فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا۔

انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر صارفین چینلز کے ذریعے ٹیکسٹ، فوٹوز، ویڈیوز، سٹیکرز اور پولز بڑے پیمانے پر لوگوں سے شیئر کر سکتے ہیں۔

چینلز کو لوگ فالو کر سکتے ہیں مگر اس پر خود کچھ پوسٹ نہیں کر سکتے۔

میٹا کے مطابق فیس بک پر یہ فیچر پیجز کے لیے دستیاب ہوگا اور ابھی اس کی آزمائش ایسے صارفین میں کی جارہی ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیجز کو چلاتے ہیں۔

انسٹاگرام اور واٹس ایپ چینلز کا فیچر کافی پسند کیا گیا ہے جس سے لوگوں کو اپنے پسندیدہ موضوعات کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے یا وہ معروف شخصیات کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھ پاتے ہیں۔

واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر مختلف شخصیات کے چینلز کے فالوورز کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

اس فیچر کی مقبولیت کو دیکھ کر میٹا نے اسے اپنے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب میٹا کی جانب سے کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مقبول فیچر کو اپنی اپیس کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل سنیپ چیٹ کی اسٹوریز اور ٹک ٹاک کی مختصر ویڈیوز جیسے فیچرز بھی میٹا کی ایپس کا حصہ بن چکے ہیں۔

مزیدخبریں