نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبر سے آگے' میں اسحاق ڈار کی واپسی کی خبر بریک کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نواز شریف انہیں خاص مقصد کے تحت وطن واپس بھیج رہے ہیں۔ اسحاق ڈار سے دو بڑی توقعات ہیں۔ ایک تو یہ وہ ڈالر کی اونچی اڑان کو قابو میں لائیں گے اور وہ ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ اس سے پہلے دو مرتبہ وہ ڈالر کی قیمت کو قابو میں لا چکے ہیں۔ پہلی مرتبہ 1998 میں اور دوسری مرتبہ 2013 میں۔ ان سے دوسری توقع یہ ہوگی کہ وہ آئی ایم ایف سے بات چیت کر کے مہنگائی میں کمی لائیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار ایک چیلنج کے طور پر واپس آ رہے ہیں اور اگر وہ عوام کو ریلیف دلانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پھر حکومت مضبوط ہو جائے گی۔ عمران خان کو اسی بات کا خوف ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ معیشت کو ٹھیک کرکے عوام کے غصے کو کم کیا جائے اور اس طرح (ن) لیگ کی ساکھ بھی بہتر ہو جائے گی۔ الیکشن کا فیصلہ ہوگیا ہے کہ ابھی نہیں ہونے۔ عمران خان اگر پھر بھی کروانا چاہتے ہیں تو انہیں طاقت کے استعمال سے اس حکومت کا تختہ الٹانا پڑے گا۔ جس انقلاب کا وہ کہتے ہیں وہ لے آئیں ورنہ تو الیکشن نہیں ہو رہے جلدی۔ میرے مطابق خان صاحب نے اپنے پتے غلط کھیل لئے ہیں۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ پر اتنی کھلی تنقید کرکے اپنی کشتیاں جلا دی ہیں۔ جانور، مسٹر ایکس مسٹر وائی، بزدل، محب وطن۔۔۔۔ ان ساری باتوں کے بعد اسٹیبلشمنٹ ان سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں تینوں پارٹیوں کے اتفاق سے آرمی چیف آنا چاہئیے ورنہ اس ملک کا بہت نقصان ہو گا۔