چین میں 19 ویں ایشین گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب، 45 ممالک کے ایتھلیٹس دستوں کی شرکت

اس میگا ایونٹ میں چین، پاکستان اور بھارت سمیت 45 ممالک کے 12 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔میگا ایونٹ میں پاکستان کا 262 رکنی دستہ شریک ہے جس میں 137 مرد اور 53 خواتین ایتھلیٹس اور ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔

06:58 PM, 23 Sep, 2023

نیا دور

چین کے شہر ہنگ ژو  میں 19 ویں ایشین گیمز کی شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور تمام مہمان ایتھلیٹس دستوں کو چین آمد پر بزاد خود خوش آمدید کہا۔میگا ایونٹ میں 45 ممالک کے 12 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

کویڈ 19 کی وجہ سے ایشیائی گیمز ایک سال کے لیے ملتوی کیے گئے تھے۔ چین تیسری بار ایشین گیمز کی میزبانی کر رہا ہے قبل ازیں چین نے 1990  اور  2010  میں ایشین گیمز کی میزبانی کی تھی۔

عالمی میڈیا کے مطابق ہنگ ژو چین میں 19ویں ایشیائی گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب ہنگ ژو اولمپک سپورٹس سینٹر سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں چینی صدر ژی جِن پِنگ اور بعض ممالک کے سربراہ بھی سٹیڈیم میں موجود رہے۔ ہنگ ژو اولمپک سپورٹس سینٹر سٹیڈیم میں 80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش تھی۔

اس میگا ایونٹ میں 45 ممالک کے 12 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ ایشین گیمز کے 19 ویں ایڈیشن میں چین، پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، سری لنکا، بھوٹان، مالدیپ، بحرین، افغانستان، کمپوڈیا، شمالی کوریا، ہانک کانک چائنا، برونائی دارالسلام، انڈونیشا، اسلامی جمہوریہ ایران، عراق، جاپان، اُردن، قازغستان، جنوبی کوریا، کویت، کرغستان، لاؤ پی ڈی آر، لبنان، ماکو چائنا، ملائشیا، منگولیا، میانمار، اُومان، فلسطین اور دیگر ممالک کے دستے شرکت کر رہے ہیں۔  56 وینیوز پر 481 ایونٹس کا انعقاد ہوگا۔ 

تقریب میں آرٹی فیشل اینٹلی جنس اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جبکہ ڈیجیٹل فائر ورکس کے ذریعے چینی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔

میگا ایونٹ میں پاکستان کا 262 رکنی دستہ شریک ہے جس میں 137 مرد اور 53 خواتین ایتھلیٹس اور ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹس کرکٹ، ہاکی، تیراکی، بیڈمنٹن، ووشو سمیت 25 کھیلوں میں حصہ لیں گے۔کھیل میں مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور شوٹر غلام مصطفی بشیر پاکستانی دستے کے قائد ہیں۔

مزیدخبریں