سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں وزیر اعظم نے بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارتی عوام کو کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ ہمیں انسانیت کو درپیش عالمی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے'۔
https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1385864226925842433
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی ہے اور گزشتہ 3 روز سے رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز پاکستان میں 'PakistanStandswithIndia' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا نظر آیا اور وزیراعظم عمران خان سے اصرار کیا گیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کے لیے امداد بھیجیں۔
دوسری جانب معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارت میں وبا کی اس نئی لہر کے دوران تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ، وائرس کی نئی طرز کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے 'کمبھ میلے' سمیت بڑے عوامی اجتماعات کی اجازت دینے کو قرار دیا جا رہا ہے۔