تفصیلات کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔ تقریب میں جاپان کے وزیراعظم کے مشیر سونورو کونتورو نے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے شرکت کی۔
جاپان کے سفیر مقصودہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن دونوں ممالک کے عوام کے لیے خاص ہے، اس معاہدے سے دونوں ممالک میں تعلقات مضبوط ہوں گے، جاپان میں روزگار کے لیے فنی مہارت کے ساتھ جاپانی زبان جاننا بھی ضروری ہے، جاپان کو 3 لاکھ 40 ہزار کے قریب تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔
دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے، پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہو گی، پاکستانیوں کو جاپان میں 14 مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر نوجوان زیادہ توجہ دیں۔