ٹکٹ خاندانوں میں بانٹنے پر وزیراعظم شدید ناراض، پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں توڑ دیں

01:19 PM, 24 Dec, 2021

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں شکست کے بعد سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی تمام تنظیموں کو توڑ دیا ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ایسے نتائج کی امید نہیں تھی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا گیا ہے جسے اب نئے سرے سے تشکیل دیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے حالیہ بلدیاتی انتخابات پر بات ہوئی۔ ان انتخابات میں حکمران جماعت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا نیا تنظیمی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔ پارٹی کی مرکزی سے لے کر تحصیل سطح تک تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پارٹی کی تمام تنظیموں کو توڑنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے بذات خود کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا کہ ٹکٹ خاندانوں میں بانٹے گئے۔ تحریک انصاف کے تمام آرگنائزرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایک نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں مرکزی قیادت شامل ہو گی۔‘
مزیدخبریں