لاہور ہائیکورٹ: اداکارہ میرا نے عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دینے کا فیصلہ چیلنج کردیا

01:07 PM, 24 Feb, 2022

نیا دور
لالی ووڈ اداکارہ میرا نے خود کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دئیے جانے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

اداکارہ میرا نے سیشن کورٹ کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اسے کالعدم اور عتیق الرحمٰں کی جانب سے پیش کئے گئے نکاح نامے کو جعلی قرار دینے کی اپیل کی ہے۔

اداکارہ میرا کی جانب سے رانا اسد منیر ایڈووکیٹ 24 فروری کو عدالت میں پش ہوئے، جنہوں نے اپنی موکل کی درخواست دائر کی۔

اداکارہ میرا کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کو ٹرائل عدالت میں اپنے گواہ پیش کرنے کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا جب کہ وہ والدین کو جان کے خطرے کے پیش نظر بطور گواہ عدالت میں پیش نہیں کر سکیں۔

درخواست مں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دبئی میں فلم کی عکسبندی کے دوران عتیق الرحمٰن نے جھوٹا نکاح نامہ اور تصاویر تیار کیں، انہوں نے اداکارہ کو بلیک میل کرنے کے لیے جھوٹا نکاح نامہ تیار کیا۔



درخواست میں اداکارہ میرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے عتیق الرحمٰن کے پیش کردہ نکاح نامے کی قانون کے مطابق تصدیق نہیں کی اور نہ ہی عدالت میں اصل نکاح نامہ پیش کیا گیا۔

درخواست کے مطابق عتیق الرحمٰن نے ٹرائل کورٹ میں نکاح نامے سے متعلق کوئی مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کیں جب کہ نکاح خواں نے بھی عتیق الرحمٰن کے نکاح نامے کو ثابت کرنے کے دستاویزات موجود نہ ہونے کا بیان دیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیملی کورٹ نے نکاح نامے کی سچائی کے لیے نکاح کی تصاویر پر زور دیا۔

عدالت دائر درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کی لاتعداد تصاویر آن لائن موجود ہیں جن کا غلط استعمال کیا جانا ممکن ہے جب کہ تکذیب نکاح کیس میں عدالت میں پیش کی گئی تصاویر کے کوئی نیگیٹوز یا اوریجنل ڈیجیٹل کاپیز پیش نہیں کی گئیں۔

درخواست میں الزام عائد کیا گی اہے کہ عتیق الرحمٰن نے بلیک میل کرنے کے لیے ایڈیٹ کی گئی تصاویر عدالت میں پیش کیں اور مذکورہ جعلی تصاویر کی بنیاد پر فیملی کورٹ نے مبینہ نکاح کے موقع کی تصاویر قرار دے کر ان کی درخواست خارج کی۔



اداکارہ نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ تکذیب نکاح سے متعلق فیملی کورٹ کی ڈگری اور سیشن کورٹ کا حکم کاالعدم قرار دے کر عتیق الرحمٰن کا نکاح نامہ بھی جھوٹا قرار دیا جائے۔ لاہورہائی کورٹ نے اداکارہ کی درخواست پر عتیق الرحمٰن سمیت تمام فریقین کو 13 اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔

لاہور کی مقامی عدالت نے گذشتہ ماہ 31 جنوری کو ادکارہ میرا کی ہی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ وہ عتیق الرحمٰن نامی شخص کی اہلیہ ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سیشن کورٹ سے قبل فیملی کورٹ نے بھی 2018ء میں اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا، اس کیخلاف اداکارہ نے اپیل دائر کی تھی، مگر عدالت نے ان کی ہی درخواست مسترد کرتے ہوئے عتیق الرحمٰن کے حق میں بیان دیا تھا۔
مزیدخبریں