ملزم پر تحریک طالبان پاکستان کے لیے چندہ جمع کرنے کا الزام تھا۔ ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نے چار اگست 2021 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سید غازی شاہ کو ایک سال قید اور بیس ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے سید غازی شاہ کی سزا کے خلاف اپیل منظور کی تھی۔ اب جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی دہشتگرد تنظیم فنڈز کے بغیر نہیں چل سکتی۔ انسداد دہشتگری ایکٹ کے تحت دہشتگرد تنظم کے لیے فنڈز لینا اور دینا جرم ہے۔ تاہم پراسکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ اگر دہشتگرد تنظیموں کو فنڈز دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو تو دہشتگروں کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ دہشتگرد تنظیموں کو فنڈز دینے والوں کو پکڑنا، فنڈز وصول کرنے والوں سے بھی زیادہ ضروری ہے۔
عدالت عالیہ کا کہنا تھا کہ موجودہ کیس میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فنڈز دینے والے کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا۔