نومنتخب اراکین سندھ اسمبلی نے حلف اٹھالیا

147 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم کے 36 ارکان شامل ہیں۔ ارکان سندھ اسمبلی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں حلف لیا۔

02:24 PM, 24 Feb, 2024

نیا دور

عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے بطور قانون ساز حلف اٹھالیا۔ سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ ارکان سندھ اسمبلی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں حلف لیا۔جبکہ اپوزیشن نے ایوان کے باہر شدید احتجاج کیا۔
سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ آج صبح 11 بجے طلب کیے گئے اجلاس کی کارروائی کا آغاز 40 منٹ کی تاخیر کے بعد ہوا۔ ایوان کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔
اجلاس میں نومنتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔ 147 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم کے 36 ارکان شامل ہیں۔ ایوان 168 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 130 جنرل جبکہ 29 خواتین اور 9 اقلیت کی نشستیں مخصوص ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سندھ اسمبلی میں نو منتخب ارکان سے پہلے سندھی زبان، پھر اردو اور آخر میں انگریزی زبان میں حلف لیا گیا۔
سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر اسمبلی ہال میں جیے بھٹو کے نعرے بھی لگائے گئے جبکہ دوسری جانب سندھ اسمبلی گیلری میں موجود اپوزیشن رہنماؤں نے نعرے بازی بھی کی۔
اس موقع پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمیعت علما اسلام کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی کے ریڈ زون میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دھرنے کے اعلان کے بعد ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں