چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی: حکومت کی مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش

11:22 AM, 24 Jul, 2019

نیا دور
حکومت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف قراردادیں واپس کرانے کیلئے سرگرم ہوگئی، 8 رکنی وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر جا پہنچا، وفد کی قیادت سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کی۔

اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم اصولی بنیاد پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں، کوشش کریں کہ سینیٹ کا وقار متاثر نہ ہو، فضل الرحمان کی جماعت کی بلوچستان میں نمائندگی ہے، ملاقات کا مقصد تناؤ کو ختم کرنا ہے، ہم نے اپنے خیالات مولانا صاحب کے سامنے پیش کیے، سینیٹ کے وقار کو بچانے کیلئے ساری جماعتوں کو حصہ ڈالنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ایک لمبا سفر طے کرچکی ہے، اس مرحلے پر حکومتی خواہش کو پورا کرنا کیسے ممکن ہے؟ کچھ تجاویز ایسی ہونی چاہیے جسے اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے درمیان قابل غور لایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے سامنے اپنی درخواست رکھی ہے، اپوزیشن کے اقدام سے شاید اچھے نتائج نہ نکلیں، سینیٹ کی ڈیڑھ سالہ مدت گزر چکی ہے، ڈیڑھ سال رہ گیا، ایسا قدم اٹھانا چاہیے جس سے بہتری کی طرف جائیں۔
مزیدخبریں