حکومت نے میڈیا کورٹس بنانے کا اعلان کر دیا

04:37 PM, 24 Jul, 2019

نیا دور
حکومت نے ذرائع ابلاغ سے متعلق کیسوں کو نمٹانے کیلئے میڈیا کورٹس کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد فوری انصاف کی فراہمی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کراچی میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے دفتر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں یکساں قوانین کا اطلاق وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ کسی کیساتھ ناانصافی اور حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔ پیمرا کیساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے۔ حکومت میڈیا کے واجبات جلد ادا کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ذرائع ابلاغ سے متعلق کیسز نمٹانے کے لیے میڈیا کورٹس بنائی جا رہی ہیں، جس سے شکایات کے جلد ازالے میں مدد ملے گی۔ اس کا مقصد میڈیا انڈسٹری کے تنازعات کو ان خصوصی عدالتوں میں لے جانا ہے تاکہ فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کو موثر بنانے کیلئے پی بی اے اپنا کردار ادا کرنے جا رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لیے تیار ہے ، بحیثیت میڈیا اونر ان میں حب الوطنی کا جذبہ موجود ہے، پاکستان کم فرسٹ کا سلوگن میڈیا ہاؤسز کے مالکان میں موجود ہے۔ میڈیا میں بیٹھے سپاہی پاکستان کی یکجہتی کے لیے ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریاست کا بیانیہ عوام تک پہنچانے میں شراکت دار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا پر بھارتی میڈیا صف ماتم بچھائے ہوئے تھا۔ بھارتی میڈیا وار میں پی بی اے پاکستان کے دفاع کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جب قومی مفاد اور بیانیہ یکجا ہو جائے تو ہر محاذ پر اپنے مخالف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قومی بیانیے پر عمل کرتے ہوئے درپیش ملکی چیلنجز سے نمٹیں گے۔
مزیدخبریں