ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں 26 جون کو صبح 11 بجے طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے دستیاب زمین سے زیادہ زمین فروخت کی اور اختیارات سے تجاوز بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق کیس میں خواجہ آصف کے اہلخانہ کے ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیب خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں بھی طلب کرچکا ہے۔
چیئرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق سیشن جج خضرحیات سمیت دیگر افراد کے خلاف انوسٹی گیشنزکی منظوری بھی دی گئی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیرعلی گورچانی کےخلاف بھی انوسٹی گیشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سابق رکن پنجاب اسمبلی احمد خان بلوچ کےخلاف بھی انوسٹی گیشن کا آغاز ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں 5 انکوائریاں شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ سابق رکن پنجاب اسمبلی نعیم انور، سلیم خالد محمود اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔