ریاض فتیانہ نے 24 جون کو قومی اسمبلی میں اپنے مختصر خطاب میں بجٹ 2020-2021 پر بات کرنے سمیت کرونا کی وبا اور ملک پر ٹڈی دل کے حملوں پر بھی بات کی۔
ریاض فتیانہ نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے عام مفروضہ پایا جاتا ہے کہ انہیں کھانے سے کرونا کی وبا ختم ہوجاتی ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے ایسے مفروضے کے حوالے سے ایوان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت اس مفروضے سے متعلق تحقیق کروائے اور یہ ثابت ہوجائے کہ واقعی ہی ٹڈی دل سے کرونا ختم ہوجاتا ہے تو حکومت کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر ثابت ہوجائے کہ ٹڈی دل کھانے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے تو پاکستانی قوم خود ہی ٹڈی دل کا تیا پانچا کردے گی اور حکومت کو اس ضمن میں محنت کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔
ریاض فتیانہ کی جانب سے ٹڈی دل کھانے سے کرونا کے خاتمے کے مفروضے کی بات ایوان کے فلور پر کہے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
ریاض فتیانہ نے ٹڈی دل اور کرونا سے متعلق بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ ملک میں کرونا میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ٹڈی دل کے حملوں پر قابو نہ پانے پر بھی حکمران جماعت پی ٹی آئی کو تنقید کا سامنا ہے۔