ضمنی انتخابات؛ شاہ محمود قریشی کے الزامات مسترد، الیکشن کمیشن نے ثبوت مانگ لیے

06:49 AM, 24 Jun, 2022

نیا دور
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ان سے ثبوت مانگ لیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی ، جس میں کہا گیا ہے کہ پی پی 217 میں اسکروٹنی کے روز شاہ محمود قریشی اور ان کے وکلا نے ریٹرننگ افسر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جب کہ تمام ریٹرننگ افسران قانون کے تحت ضابطہ اخلاق پر عمل یقینی بنا رہے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں کہا کہ پی پی217 ملتان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تنبیہی نوٹس جاری کیے گئے ، نوٹس مخدوم زین حسین قریشی ، طاہر حسین قریشی ، محمد سلمان کو جاری کیے گئے ، ڈی سی ملتان کو ترقیاتی منصوبوں پر کام روکنے کا حکم 13 جون کو جاری کیا جاچکا، ملتان میں امیدوار محمد سلمان نے 2 ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کیا، جنہیں فوری روک دیا گیا۔

ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے الیکشن کمیشن رپورٹ میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی اور ان کے 20 وکلا نے ریٹرننگ افسر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ، جس پر ریٹرننگ افسر نے انہیں کہا کہ وہ جانچ پڑتال کے عمل کا مشاہدہ کریں رخنہ نہیں ڈالیں ، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر ملتان نے آگاہ کیا کہ بڑے بینرز، پینافلیکس اتارنے پر دھمکیاں دی گئیں، دھمکیاں شاہ محمود قریشی کے پرسنل سیکریٹری شاہد اور کارکنوں نے دیں، شاہ محمود کے سیکریٹری شاہد اور کارکنوں نے بینرز، پینافلیکس اتارنے سے روکنے کی بھی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ پی پی167 لاہور میں فائرنگ، تشدد کی روک تھام کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ، امن و امان کی صورت حال پر ضمنی انتخابات میں رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اگر شاہ محمود قریشی کے پاس اپنے الزامات کے ٹھوس ثبوت ہیں تو الیکشن کمشنر پنجاب کو پیش کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ضمنی الیکشن کے حوالے سے باز گشت ہے کہ 18 سیٹیں ن کی 2 پی ٹی آئی کی ہیں ، اس میں وزیبل ہاتھ بھی ہے اور ان وزیبل ہاتھ بھی ہے ، الیکشن کمیشن ذمہ داری سے غافل رہا تو قوم کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ الیکشن20 سیٹوں کا نہیں حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ کا ہے ، اپنی وزارت اعلیٰ کے لیے سب کو جھونک سکتے ہیں ، اگر الیکشن کمیشن ذمہ داری سے غافل رہا اور ضمنی الیکشن میں اپنی ساکھ کھودی تو آج کہہ رہا ہوں جنرل الیکشن آپ دفن کردیں گے ، پھر اس ملک میں عام انتخابات کے نتائج قوم نہیں دیکھے گی ، لوگوں کا اعتماد اس ادارے سے کم ہوتا جارہا ہے ، ڈسکہ کا واقعہ تو سامنے ہے ، خدارا کہیں 20 ڈسکے نہ پیدا کر دیجیے گا
مزیدخبریں