بی بی سی رپورٹ کے مطابق ان مہین جانداروں کا نام ڈیموڈیکس فولیکولورم ( Demodex folliculorum) ہے۔ یہ جاندار محض صفر اعشاریہ 3 ملی میٹر سائز رکھتے اور ہمارے چہرے کے مساموں میں رہتے ہیں۔ یہ چپکے سے ہمارے مساموں کی صفائی کرتے رہتے ہیں، حتیٰ کہ راتوں کو نکل کر سیکس بھی کرتے ہیں۔
تاہم ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان ننھے منے جانداروں کا ڈی این اے ختم ہو رہا ہے اور اب اس وجہ سے ان کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
اگر آپ یہ تحریر پڑھ کر گھبرا رہے ہیں تو ایسا کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں کیونکہ یہ جاندار بے ضرر ہوتے ہیں۔ یہ ہمارے مساموں کی گہرائی میں رہتے ہیں۔ آپ بار بار منہ دھو کر ان کو مارنا چاہیں تو ایسا کرنا بے سود ہوگا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ جاندار صحت مند جلد سے وابستہ ہیں، لہذا اگر ہم انہیں کھو دیتے ہیں تو آپ کو اپنی جلد کے ساتھ مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
یونیورسٹی آف ریڈنگ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر الیجینڈرا پیروٹی نے، جو اس تحقیق میں شامل تھیں، کہا کہ ہمیں ان جانداروں کو گھر کی پیشکش کرنے اور ان کے ساتھ ایسا گہرا تعلق رکھنے کے لیے شکر گزار ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر الیجینڈرا پیروٹی نے کہا کہ ڈیموڈیکس فولیکولورم آپ کے جسم میں رہتی ہیں۔ وہ ہمارے سوراخوں کو صاف کرتی ہیں اور انھیں ملائم رکھتی ہیں۔ پریشان نہ ہوں، خوش رہیں کہ آپ کے ساتھ ایک چھوٹی مہین سی مخلوق رہتی ہے، وہ کوئی نقصان نہیں پہنچاتی ہے۔