تفصیلات کے مطابق لاہورکی احتساب عدالت میں جج راؤ عبدالجبار نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ نواز شریف کی جانب سے قاضی مصباح ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
احتساب عدالت ریفرنس کے شریک ملزم میر شکیل الرحمٰن سمیت دیگر کو پہلے ہی بری کر چکی ہے۔
وکیل نوازشریف نے بتایا کہ نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر ریفرنس بنایا تھا۔ نوازشریف کا پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کوئی کردار نہیں۔
وکیل کا مزید کہنا تھا کہ نئے قانون کے تحت کیس نہیں بن سکتا۔ احتساب عدالت کے جج راؤ عبدالجبار نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بری کردیا۔
واضح رہے نیب کی جانب سے 2021 میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی جس کے مطابق 1986 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے استثنیٰ پالیسی اور قوانین کے خلاف میر شکیل الرحمٰن کو مالی فائدہ دیا تھا اور جوہر ٹاؤن فیز 2 کے بلاک ایچ میں 57 کنال اراضی غیر قانونی طور پر منتقل کی گئی تھی۔
نیب کے مطابق نواز شریف نے 1986 میں غیر قانونی طور پر یہ زمین میر شکیل الرحمٰن کو لیز پر دی تھی۔استثنیٰ پالیسی کی خلاف ورزی پر نواز شریف نے قومی خزانے کو 14 کروڑ 35 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔
12 مارچ 2020 کو نیب نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمان کو اراضی سے متعلق کیس میں گرفتار کیا تھا۔
ترجمان نیب نوازش علی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ادارے نے 54 پلاٹوں کی خریداری سے متعلق کیس میں میر شکیل الرحمٰن کو لاہور میں گرفتار کیا۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ میر شکیل الرحمان متعلقہ زمین سے متعلق نیب کے سوالات کے جواب دینے کے لیے دوسری بار نیب میں پیش ہوئے۔تاہم وہ بیورو کو زمین کی خریداری سے متعلق مطمئن کرنے میں ناکام رہے جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
بعد ازاں 9 نومبر 2020 کو 8 ماہ کی قید کے بعد سپریم کورٹ نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار جنگ اور جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔