دلچسپ طور پر آپ عام اوبر ایپ سے بھی سب میرین کے لیے بکنگ کروا سکتے ہیں۔ اوبر نے یہ منصوبہ کوئنزلینڈ، آسٹریلیا کے مقامی محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر شروع کیا ہے۔
چار ہفتوں کے لیے متعارف کروائی گئی سروس کے دوران سیاح اوبر ایپ سے آبدوز بک کروا کر سمندر کے اندر کی دنیا کی سیاحت کا مزہ لے سکیں گے۔ آبدوز میں دو مسافروں کی گنجائش ہو گی جب کہ عملہ اس کے علاوہ ہے۔
ایک گھنٹے کے رائونڈ ٹرپ کا آغاز کوئنز لینڈ کے مختلف شہروں سے ہوگا جب کہ سروس استعمال کرنے کے خواہاں سیاحوں کو منزل کا پتہ گریٹ بیریئر ریف لکھنا ہو گا اور بعدازاں اوبر آپریٹر کی جانب یہ تصدیق کرنے کے لیے آپ کو کال بھی کی جائے گی کہ کہیں آپ نے یہ غیر معمولی رائیڈ غلطی سے تو بک نہیں کر لی۔
دو افراد کے لیے اس سفر کا کرایہ کوئی بہت زیادہ نہیں ہے کیوں کہ آپ زندگی بھر کا تجربہ حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ آپ دو لوگ محض دو ہزار 62 ڈالرز یا تقریباً تین لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپوں میں یہ سفر کرسکتے ہیں جس میں ڈیپارچر پوائنٹ سے آبدوز تک جانے کے لیے ہیلی کاپٹر کا کرایہ بھی شامل ہے۔
اوبر انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان رائیڈز سے ملنے والے کرایے کو گریٹ بیریئر ریف کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے گروپ کو عطیہ کر دیا جائے گا۔
یہ واضح کر دینا بھی ضروری ہے کہ ریف اس قدر بڑی ہے کہ خلا سے بھی نظر آتی ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر عوامل کے باعث اس کی بقاء اس وقت شدید نوعیت کے خطرات کا شکار ہے۔