سپریم کورٹ آف پاکستان میں مقدمات کی سماعت آن لائن بھی ہو سکے گی

09:50 AM, 24 May, 2019

نیا دور
پاکستان کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ آف پاکستان اگلے ہفتے پیر سے آن لائن نظام کے تحت مقدمات پر سماعت کا آغاز شروع کر دے گی۔

آن لائن نظام کے تحت صوبوں میں قائم سپریم کورٹ کی رجسٹریز جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دارالحکومت میں پرنسپل سیٹ کے ساتھ منسلک ہو جائیں گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق، اس مجوزہ نظام سے صوبوں میں موجود اداروں اور افراد سے متعلق قانونی معاملات کے تناظر میں سہولت پیدا ہو گی۔

ای کورٹ کی سہولت کو ابتدائی طور پر اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ اور کراچی کی سپریم کورٹ رجسٹری میں استعمال کیا جائے گا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ای کورٹ نظام کے ذریعے سماعت کا آغاز کرے گا۔



بیان کے مطابق، کراچی کے وہ وکلا جن کے مقدمات اسلام آباد میں کورٹ روم نمبر ایک اور بینج نمبر ایک میں سماعت کے لیے مقرر ہیں، وہ کراچی رجسٹری کے کمرہ عدالت میں آن لائن نظام کے ذریعے دلائل دے سکیں گے۔

ای کورٹ نظام کے تحت اسلام آباد میں موجود تین رکنی بینج مقدمات کی سماعت کرے گا اور یہ بینج ہی فیصلہ بھی دے گا۔

یہ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں ایسا پہلا موقع ہے جب عدالتیں ایک دوسرے سے ویڈیو لنک کے ذریعے منسلک ہوں گی۔

اس نظام سے صرف وکلا اور جج ہی نہیں بلکہ سائلین کو بھی جلد انصاف حاصل ہو سکے گا۔

ماہرین قانون کا کہنا ہے، سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ تک آن لائن نظام کے ذریعے رسائی کے باعث مقدمات کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر کے بغیر فیصلہ سنانا ممکن ہو سکے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ای کورٹ کے مجوزہ نظام کے باعث مقدمات نمٹانے میں آسانی پیدا ہو گی اور بیک لاگ میں بھی کمی آئے گی۔ یہ آنے والے دنوں میں ایک موثر نظام ثابت ہو گا جس سے انصاف کے حصول میں آسانی پیدا ہو گی۔

 

 
مزیدخبریں