چیئرمین پی سی بی نے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا

ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کے عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی گئی تھی، اس پر تمام سلیکٹرزمتفق نہیں تھے لہذا آج شام 7 بجے تک دوبارہ سلیکٹرز کی مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان متوقع ہے۔

04:44 PM, 24 May, 2024

نیا دور

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا۔

اگلے ماہ سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا حتمی اعلان آج ہونا تھا تاہم چیئرمین پی سی بی نے یہ اعلان روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے سکواڈ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں تمام اراکین کو شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا صرف کپتان، کوچ اور دورہ انگلینڈ پر موجود سلیکٹرز کی رائے کافی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اعلان کیلئے سلیکشن کمیٹی میں شامل ہر فرد کی رائے لینا ضروری ہے۔ سلیکشن پروسس کے عمل کو مکمل کیا جائے گا۔بعدازاں ٹیم کا اعلان شام میں ہوگا۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کیلئے 24 مئی آئی سی سی ڈیڈ لائن کے مطابق آخری تاریخ ہے۔میگا ایونٹ سے قبل ٹورنامنٹ میں شریک 20 میں سے 19 ٹیموں نے اپنے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے تاحال اپنے سکواڈ کا اعلان نہیں۔

بورڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا ٹی20 اگر بارش کی نذر نہ ہوتا تو  23 مئی کو ٹیم کا اعلان کردیا جاتا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ٹی20 ورلڈکپ کے لیےابتدائی 15 رکنی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخرزمان، عثمان خان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، ابرار احمد، عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر حسن علی، آغا سلمان اور عرفان نیازی اضافی کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ایمبیسیڈر مقرر کردیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے ایمبیسیڈرز کی اِس فہرست میں شاہد آفریدی کے ساتھ یوراج سنگھ، کرس گیل اور یوسین بولٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون کو امریکا میں ہورہا ہے جس کے کچھ میچز ویسٹ انڈیز میں بھی کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ امریکا اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے ساتھ کھیلے گا۔ 9 جون کو روایتی حریف بھارت، 11 جون کو کینیڈا جبکہ 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگا۔

مزیدخبریں