جنرل عاصم منیر پاکستان کے نئے آرمی چیف بن گئے

01:42 PM, 24 Nov, 2022

نیا دور
صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کر دیے۔ جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بن گئے۔

صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دستخط کر دیے۔ پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ اس کے بعد وہ صدر پاکستان عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری دیے جانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹس چیفس کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی صدر اور وزیر اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی آج عمران خان سے اہم مشاورت کرنے کے لیے لاہور پہنچے تھے۔ عمران خان سے مشاورتی ملاقات کرنے کے بعد وہ واپس اسلام آباد چلے گئے اور تقرریوں کی سمری پر دستخط کر دیے۔

واضح رہے کہ آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے ناموں کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد سمری صدر مملکت کو بھجوا دی گئی تھی۔
مزیدخبریں