اسلام آباد انتظامیہ کا پریڈگراؤنڈ میں ہیلی کاپٹرلینڈ کرنے کی اجازت دینے سے انکار

03:41 PM, 24 Nov, 2022

نیا دور
 

جنرل ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ میں لینڈ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔ یہ علاقہ سی ڈی اے کی حدود میں آتا ہے ان سے اجازت لیں تاہم اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے  ہیلی کاپٹر لینڈ کے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

جی ایچ کیو کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی پریڈ گراونڈ میں لینڈنگ کے حوالے سے کہا کہ تحریک انصاف ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کرے کیونکہ پریڈ گراونڈ ان کی حدود میں آتا ہے۔  جی ایچ کیو کو ہیلی کاپٹر لینڈنگ پر کوئی اعتراض نہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو  ریلی کی مشروط اجازت دیتے ہوئے پریڈ گراونڈ میں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اس  ضمن میں  نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پریڈ گراونڈ انتہائی حساس ایریا ہے اور وہاں ہیلی پیڈ بھی موجود نہیں۔ 36 شرائط و ضوابط کے ساتھ مخصوص راستوں سے ریلیوں کو راولپنڈی پہنچنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں پارٹی چیئرمین  کو  دستخط شدہ شرائط پر مبنی حلف نامہ  کل تک ڈسٹرکٹ کمشنر کے آفس میں جمع کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

حلف نامہ جمع نہ کروانے کی صورت میں اجازت نامہ منسوخ کر دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں مزید دو ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی ریلی، جلسے جلوس یا احتجاج پر مکمل پابندی ہو گی۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق  5 یا اس سے زائد افراد ریلی یا جلسے کیلئے ریڈ زون میں بھی جمع نہ ہوں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 23 جنوری 2023 تک کیلئے کیا گیا ہے،اسلام آباد میں پہلے سے نافذ دفعہ 144 کی پابندی گزشتہ شام ختم ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت کو اہم مقامات سے کنٹینرز  لگا کر بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

فیض آباد کو چاروں اطراف سے کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کردیا جائےگا، آج سے فیض آباد، کورال چوک اور 26 نمبر چونگی سے داخلی راستے بند ہوجائیں گے، فیض آباد سمیت اہم داخلی راستوں پر 20 ہزار نفری لگائی جائے گی۔
مزیدخبریں