پاکستان میں صحافیوں کا معاشی تحفظ، غیر مستقل ملازمت اور پیشہ ورانہ آزادی

صحافی کی ملازمت ختم ہونے کا مطلب صرف دفتر سے تعلق ختم ہونا نہیں۔ اس کے ساتھ خاندان کی مالی منصوبہ بندی بھی متاثر ہوتی ہے۔ گھر کا کرایہ، بچوں کی فیس، علاج، بجلی اور گیس کے بل اور روزمرہ اخراجات اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔

11:52 PM, 24 Nov, 2026

آصف محمود

حسن بلال کے لیے صحافت محض ایک ملازمت نہیں بلکہ کئی برسوں پر محیط پیشہ ورانہ سفر ہے۔ وہ لاہور کی سڑکوں، سرکاری دفاتر اور حکومتی ایوانوں میں خبریں تلاش کرتے رہے، مختلف ٹی وی چینلز کے لیے رپورٹنگ کی اور عوامی مسائل اجاگر کیے۔ وقت ٹی وی، ابتک نیوز، ہم نیوز، سما ٹی وی، رفتار اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے محسن بلال کے مطابق، ان کے صحافتی کیریئر میں تین مرتبہ ملازمت ختم ہوئی۔ ہر مرتبہ انہیں نئے سرے سے روزگار تلاش کرنا پڑا۔

جولائی 2024 میں وہ پبلک نیوز سے وابستہ تھے۔ ان کے مطابق، پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ان کی رپورٹنگ اور اٹھائے گئے سوالات پر اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد ان پر دباؤ بڑھا اور انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے عوامی وسائل کے استعمال اور حکومتی شخصیات کے حامیوں کے رویوں سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔

لاہور پریس کلب نے اس معاملے پر مذمت کی اور دیگر صحافیوں نے بھی محسن بلال سے یکجہتی کا اظہار کیا، لیکن ان کی ملازمت بحال نہ ہو سکی۔ اب وہ اپنے یوٹیوب چینل ’’انسائیڈ اسٹوری‘‘ کے ذریعے خبریں اور تجزیے پیش کر رہے ہیں۔ ایک مستقل ملازمت سے محرومی کے بعد انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو روزگار کا متبادل بنانے کی کوشش کی ہے، تاہم اس ذریعے سے مستقل آمدن کی ضمانت نہیں۔

محسن بلال کی کہانی پاکستان میں صحافیوں کو درپیش اس بڑے مسئلے کی ایک مثال ہے جس میں ملازمت کا عدم تحفظ، تنخواہوں کی تاخیر، اداروں کی مالی مشکلات اور پیشہ ورانہ آزادی کے سوال ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس بحران کو صرف چند اداروں کی چھانٹیوں یا انفرادی ناکامیوں تک محدود کرکے نہیں سمجھا جا سکتا۔ اس کے پیچھے میڈیا کی بدلتی ہوئی اشتہاری منڈی، کاروباری ماڈل، قانونی ماحول اور صحافیوں کے لیے سماجی تحفظ کی محدود سہولتیں بھی اہم عوامل ہیں۔

ملازمتیں کیوں ختم ہو رہی ہیں؟

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی پاکستان سے متعلق 2025-26 کی رپورٹ کے مطابق، نومبر 2025 میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم نکتہ سے کم از کم 37 ملازمین فارغ کیے گئے، جبکہ ڈان نیوز ٹی وی کے اردو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی بندش سے 12 ملازمین کی ملازمتیں ختم ہوئیں۔ اسی عرصے میں سما ٹی وی کے بعض ملازمین کے مستعفی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

اپریل 2026 میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے جائزے میں بھی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی تاخیر، بیوروز کی بندش اور ملازمتی سہولتوں میں کمی کی نشاندہی کی گئی۔ تاہم، ملک بھر میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بے روزگار ہونے والے صحافیوں کی درست مجموعی تعداد معلوم کرنے کے لیے ایک جامع اور مسلسل قومی ریکارڈ درکار ہے۔

انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ، ایڈووکیسی اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی آر اے ڈی اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد آفتاب عالم کے مطابق، میڈیا میں ملازمتیں ختم ہونے کی بڑی وجوہات میں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی کی کمی، اداروں کی معاشی مشکلات اور صحافت سے متعلق قانونی ماحول شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین دہائیوں میں اخبارات اشتہارات کی آمدن کا ایک اہم ذریعہ رہے، لیکن اب سرکاری اور نجی اشتہارات کا بڑا حصہ ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ اس تبدیلی نے روایتی میڈیا اداروں کی آمدن اور اخراجات کے توازن کو متاثر کیا ہے۔ جب آمدن کم ہوتی ہے تو بعض ادارے عملے کی تعداد گھٹاتے، تنخواہوں میں کٹوتی کرتے یا مختلف شعبوں کو یکجا کر دیتے ہیں۔

آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ میڈیا سے متعلق قوانین اور ان کے اطلاق کا ماحول بھی بعض صحافیوں کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق، حساس معاملات پر کھل کر بات کرنے والے رپورٹرز اور اینکرز کو قانونی کارروائیوں یا پروگراموں کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے بعد بعض ادارے کاروباری خطرات کم کرنے کے لیے ایسے کارکنوں سے علیحدگی اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ ان کا تجزیہ ہے، تاہم ہر برطرفی کی وجہ جاننے کے لیے متعلقہ ادارے کا مؤقف اور مخصوص معاملے کے شواہد دیکھنا ضروری ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے وابستہ صحافی بھی ایسی ہی صورتحال سے دوچار

نوکریوں سے نکالے جانے اور معاشی مشکلات کا سامنا صرف مقامی صحافیوں کو ہی نہیں، بلکہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے صحافی بھی کم و بیش ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہیں۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی ملٹی میڈیا صحافی ثمن اقبال خان نے دنیا نیوز، سما ٹی وی اور وائس آف امریکہ سمیت مختلف اداروں میں کام کیا۔ ان کا صحافتی سفر بطور رپورٹر شروع ہوا، جس کے بعد انہوں نے اسائنمنٹ ایڈیٹنگ، تحقیق، پیکیج پروڈکشن، فیچر رپورٹنگ، ملٹی میڈیا پروڈکشن اور شفٹ انچارج سمیت مختلف ذمہ داریاں نبھائیں۔

ثمن اقبال خان کے مطابق، 2017 میں وائس آف امریکہ میں شمولیت کے بعد ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں ترقی ہوئی۔ انہیں مختلف ذمہ داریاں ملیں اور ان کے کام کو سراہا گیا۔ تاہم، مارچ 2025 میں وائس آف امریکہ کی بندش سے ان کا پیشہ ورانہ سفر اچانک متاثر ہوا۔

ان کے بقول، ابتدا میں انہیں توقع تھی کہ یہ امریکی بجٹ سے متعلق معمول کی عارضی بندش ہوگی، جس کے بعد کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ لیکن بعد میں واضح ہوا کہ صورتحال مختلف ہے اور اس کے اثرات ملازمتوں اور مستقبل پر بھی مرتب ہوں گے۔ اس بندش کے بعد ان کے متعدد ساتھی بھی روزگار کی تلاش میں مشکلات کا شکار ہوئے۔ بعض کو مناسب ملازمت نہیں مل سکی، جبکہ کچھ نے متبادل پیشہ ورانہ راستے اختیار کر لیے۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ادارے میں کام کرنے کے بعد پاکستانی میڈیا میں سابقہ تنخواہ اور عہدے کے مطابق ملازمت حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

بے روزگاری کے بعد انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر ریسٹورنٹ کا کاروبار شروع کیا۔ اپنی بچت اس منصوبے میں لگائی، لیکن کاروبار چلانے کے لیے مزید سرمایہ درکار تھا، جس کا انتظام ممکن نہ ہو سکا۔ بالآخر انہیں ریسٹورنٹ بند کرنا پڑا۔

اس تجربے کے بعد انہوں نے دوبارہ اپنی صحافتی مہارتوں کو استعمال کرنے پر توجہ دی۔ ثمن اقبال خان اب اسکرپٹ رائٹنگ، ڈاکیومنٹریز، فری لانس میڈیا منصوبوں اور تدریس کے ذریعے کام کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق، وہ مختلف اداروں اور منصوبوں کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی میں وزیٹنگ فیکلٹی کے طور پر میڈیا لٹریسی اور ڈیولپمنٹ کے کورسز بھی پڑھا رہی ہیں۔

ثمن اقبال خان کے مطابق، بے روزگاری صرف مالی مسئلہ نہیں بلکہ ذہنی دباؤ اور گھریلو زندگی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ جب آمدن کا ذریعہ ختم ہو جائے تو کرایہ، بلوں، بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کے اخراجات برقرار رہتے ہیں، جبکہ مستقبل کے بارے میں غیر یقینی بڑھ جاتی ہے۔

تنخواہ رک جائے تو گھر کیسے چلتا ہے؟

صحافی کی ملازمت ختم ہونے کا مطلب صرف دفتر سے تعلق ختم ہونا نہیں۔ اس کے ساتھ خاندان کی مالی منصوبہ بندی بھی متاثر ہوتی ہے۔ گھر کا کرایہ، بچوں کی فیس، علاج، بجلی اور گیس کے بل اور روزمرہ اخراجات اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے 2026 کے جائزے اور آئی ایف جے کی 2025-26 کی رپورٹ میں بعض اداروں کے کارکنوں کی تنخواہوں میں تاخیر اور واجبات کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں صحافی کے لیے یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ اسے اگلی تنخواہ کب ملے گی اور ملازمت ختم ہونے کی صورت میں بقایاجات ادا ہوں گے یا نہیں۔

اس مسئلے کی سنگینی ماضی کے بعض واقعات سے بھی واضح ہوتی ہے۔ آئی ایف جے کی 31 جنوری 2020 کی رپورٹ کے مطابق، کیپٹل ٹی وی کے کیمرہ مین فیاض علی 21 جنوری 2020 کو ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں دس ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی اور ان کی موت کے روز انہیں ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔ اسی رپورٹ کے مطابق، نیوز ون کے صحافی ایس ایم عرفان 27 نومبر 2019 کو ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہوئے اور انہیں سات ماہ کی تنخواہ نہیں ملی تھی۔

آئی ایف جے اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی رپورٹ میں رائل ٹی وی کے ٹیکنیکل ورکر عمران احمد خان کی خودکشی کا ذکر بھی کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، انہیں چار ماہ کی تنخواہ نہیں ملی تھی اور بقایاجات کا مطالبہ کرنے کے بعد ملازمت ختم کر دی گئی تھی۔

آئی ایف جے کی 2020-21 کی رپورٹ میں کورونا وبا کے دوران پاکستان میں آٹھ ہزار سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے روزگار سے محروم ہونے کا تخمینہ بھی دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں اشتہارات کی آمدن میں کمی، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور میڈیا انڈسٹری کے مالی مسائل کو اس بحران کے عوامل میں شامل کیا گیا۔ یہ تعداد وبا کے دوران پیش آنے والے بحران سے متعلق ہے، اسے 2026 میں بے روزگار ہونے والے صحافیوں کی تعداد نہیں سمجھنا چاہیے۔

معاشی عدم تحفظ اور خود سنسرشپ

صحافیوں کے معاشی حالات کا اثر صرف ان کے گھر اور خاندان تک محدود نہیں رہتا۔ اس کا تعلق خبر کے انتخاب، سوال پوچھنے کی آزادی اور رپورٹنگ کے معیار سے بھی ہے۔

اگر کسی رپورٹر کو خدشہ ہو کہ حساس خبر نشر کرنے یا کسی بااثر شخصیت سے سخت سوال پوچھنے پر اس کی ملازمت ختم ہو سکتی ہے تو اس کے پیشہ ورانہ فیصلے متاثر ہونے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ بعض صحافی ایسی صورتحال میں کسی خبر کو محدود کرنے، سوال نہ اٹھانے یا متنازع موضوع سے دور رہنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اس عمل کو خود سنسرشپ کہا جاتا ہے۔

میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی 2018 میں شائع ہونے والی تحقیق ’’سرینڈرنگ ٹو سائلنس‘‘ میں ملک بھر کے 156 صحافیوں کو شامل کیا گیا تھا۔ تحقیق کے مطابق، 88 فیصد شرکا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی رپورٹنگ میں کم از کم ایک مرتبہ خود سنسرشپ کی، جبکہ تقریباً 72 فیصد کا خیال تھا کہ وقت کے ساتھ میڈیا میں خود سنسرشپ بڑھی ہے۔ 80 فیصد شرکا نے اپنے اداروں کی پالیسیوں کو خود سنسرشپ کی اہم وجوہات میں شامل کیا۔

یہ نتائج سروے میں شامل صحافیوں کے تجربات کی عکاسی کرتے ہیں، لیکن انہیں ملک کے ہر صحافی کے تجربے یا موجودہ صورتحال کا مکمل پیمانہ نہیں سمجھا جا سکتا۔ اس کے باوجود تحقیق ایک اہم سوال اٹھاتی ہے: اگر صحافی اپنے روزگار کو خطرے میں دیکھتے ہوئے خبر یا سوال محدود کرنے پر مجبور محسوس کرے تو عوام کو درست اور مکمل معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری کیسے پوری ہوگی؟

ہیلتھ انشورنس اور امدادی نظام کی حدود

مستقل ملازمت کے ساتھ صحت کی سہولتوں کا تحفظ بھی اہم ہے۔ اگر کسی صحافی کے پاس ہیلتھ انشورنس نہ ہو تو بڑے آپریشن، ہسپتال میں داخلے یا طویل علاج کے اخراجات اس کے خاندان کے لیے مشکل پیدا کر سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، اکتوبر 2023 تک وزیراعظم کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لیے 11 ہزار 235 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان میں سے پہلے مرحلے میں 4 ہزار 537 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تصدیق کرکے انہیں انشورنس کے لیے شامل کیا گیا۔ یکم جولائی 2024 سے شروع ہونے والی کوریج میں فی رکن سالانہ سات لاکھ روپے تک ہسپتال میں داخلے کے علاج کی سہولت مقرر کی گئی تھی۔ پروگرام کے تحت 187 ہسپتال میں داخلے کے کیسز میں انشورنس فوائد استعمال کیے گئے تھے۔

لاہور پریس کلب بھی اپنے ارکان کو طبی اور مالی مشکلات میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ جنرل سیکرٹری افضال طالب کے مطابق، کلب ویلفیئر نظام کے ذریعے مستحق ارکان کی مدد کرتا اور متعلقہ حکومتی امدادی اسکیموں سے معاونت حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے مطابق، مارچ 2025 میں پنجاب حکومت نے جرنلسٹس سپورٹ فنڈ پانچ کروڑ روپے سے بڑھا کر دس کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی موقع پر 85 صحافیوں کے لیے امدادی رقوم کی منظوری دی گئی، جن میں 23 صحافیوں کی بیٹیوں کی شادی اور 63 صحافیوں کے علاج کے لیے معاونت شامل تھی۔

افضال طالب کے مطابق، ایسے امدادی فنڈز ہنگامی حالات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن ان کے ذریعے مستقل تنخواہ، پنشن، گریجویٹی یا ہیلتھ انشورنس کا متبادل فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ پریس کلب کی رکنیت سے محروم کارکنوں اور غیر مستقل طور پر کام کرنے والے صحافیوں تک امداد پہنچانا بھی ایک الگ چیلنج ہے۔

حل صرف ڈیجیٹل میڈیا نہیں

روایتی میڈیا میں ملازمتوں کی کمی کے باعث ڈیجیٹل صحافت، ویڈیو پروڈکشن، اسکرپٹ رائٹنگ، ڈیٹا جرنلزم، فری لانس رپورٹنگ اور بین الاقوامی اداروں کے لیے مواد تیار کرنے کے مواقع اہم ہوتے جا رہے ہیں۔ محسن بلال نے یوٹیوب چینل شروع کیا، جبکہ ثمن اقبال خان نے فری لانسنگ، تدریس اور دیگر منصوبوں کے ذریعے اپنے کام کو جاری رکھنے کی کوشش کی۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کے مطابق، صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ سے متعلق تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق، صحافی اپنی تحقیق، تحریر، فوٹوگرافی اور ویڈیو پروڈکشن کی مہارتوں کو جدید ڈیجیٹل ٹولز کے ساتھ ملا کر نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ پی ایف یو جے صحافیوں، ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس کی تربیت کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

تاہم، ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنا ملازمتوں کے بحران کا مکمل حل نہیں۔ فری لانسنگ میں کام کی دستیابی، معاوضے اور ادائیگیوں کا انحصار مختلف عوامل پر ہوتا ہے۔ جدید آلات، انٹرنیٹ، زبان اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی بھی ہر صحافی کے لیے یکساں طور پر دستیاب نہیں۔

محمد آفتاب عالم کے مطابق، میڈیا کی مالی پائیداری کے لیے سرکاری اشتہارات کی تقسیم میں شفافیت اور واضح اصول بھی ضروری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا اداروں کے کاروباری ماڈل اور قانونی ماحول کو نظر انداز کرکے صرف کارکنوں کی تربیت پر توجہ دینے سے بحران حل نہیں ہوگا۔

معاشی تحفظ کے لیے کیا کرنا ہوگا؟

صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کے لیے فوری امداد کے ساتھ طویل مدتی اصلاحات بھی ضروری ہیں۔ میڈیا اداروں میں تحریری ملازمت کے معاہدے، بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، برطرفی کے واضح قواعد اور واجبات کی ادائیگی کا مؤثر نظام ہونا چاہیے۔ متعلقہ قوانین کے مطابق اہل میڈیا ملازمین کی ای او بی آئی اور صوبائی سوشل سیکیورٹی اداروں میں رجسٹریشن اور ہیلتھ انشورنس تک رسائی کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

حکومت، میڈیا مالکان، صحافتی تنظیموں اور متعلقہ لیبر اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ان مسائل کے حل میں مدد دے سکتا ہے۔ سرکاری اشتہارات کے اجرا کے لیے شفاف اور غیر امتیازی معیار وضع کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، تاہم اس طریقۂ کار میں ادارتی آزادی کے تحفظ اور سیاسی یا پیشہ ورانہ اختلاف کی بنیاد پر امتیاز سے بچنے کے لیے واضح ضمانتیں ضروری ہوں گی۔

اسی طرح، صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز کو امدادی فنڈز کے مستفید ہونے والوں، اخراجات اور دستیاب سہولتوں کی تفصیلات باقاعدگی سے جاری کرنی چاہئیں۔ صحافیوں کے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں، منظوریوں اور عملی طور پر علاج حاصل کرنے والوں کی تازہ تعداد بھی سامنے آنی چاہیے۔ ملک بھر میں برطرفیوں، تنخواہوں کی تاخیر اور واجبات سے متعلق ایک قابلِ اعتماد ریکارڈ مرتب کرنا بھی پالیسی سازی کے لیے ضروری ہے۔

پاکستان میں صحافیوں کے معاشی بحران کا حل صرف انہیں نئے ہنر سیکھنے یا اپنا ڈیجیٹل پلیٹ فارم شروع کرنے کا مشورہ دینا نہیں۔ ضروری یہ ہے کہ میڈیا کی مالی پائیداری، کارکنوں کے قانونی حقوق، بروقت تنخواہوں، سماجی تحفظ اور صحافتی آزادی کو ایک دوسرے سے جڑے مسائل کے طور پر دیکھا جائے۔

کیونکہ جب خبر دینے والا صحافی اپنے گھر کے اخراجات، اگلی تنخواہ اور ملازمت برقرار رہنے کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہو تو سوال صرف اس کے روزگار کا نہیں رہتا۔ یہ اس نظام کا سوال بھی بن جاتا ہے جو عوام تک معلومات پہنچانے والے افراد کو معاشی تحفظ فراہم کرنے میں کس حد تک کامیاب ہے۔

مزیدخبریں