پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کے خلاف غداری اور دہشت گردی کا مقدمہ درج

04:46 PM, 24 Oct, 2022

نیا دور
پختون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کے خلاف تھانہ سول لائنز لاہور میں غداری اور دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منظور پشتین نے عوام کو پاک فوج کے خلاف مزاحمت کی ترغیب دی اور منظور پشتین نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں پشتونوں کا قتل عام کیا۔

اس مقدمے پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پرمنظور پشتین نے لکھا: 'ظلم اور جبر کے خلاف حق کی آوازوں کو ایف آئی آرز، جیل یا پروپیگنڈے سے نہیں دبایا جا سکتا۔ ہاں اس کا حل صرف اور صرف انصاف دینا ہے'۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں منعقد ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں منظور پشتین نے ریاستی اداروں پر کڑی تنقید کی تھی جبکہ ان کی تقریر کے دوران پختون تحفظ موومنٹ کے اراکین نے پاک فوج کے خلاف نعرے بازی بھی کی تھی۔
مزیدخبریں