شاہ نواز امیر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

11:12 AM, 24 Sep, 2022

نیا دور
اسلام آباد: اسلام آباد کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ عدالت نے نامور صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز امیر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے نواحی علاقے چک شہزاد میں اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزم شاہ نواز امیر کو ہفتے کے روز اسلام آباد کچہری میں سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد جج نے فیصلہ سنایا اور ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

عدالت نے پولیس کی استدعا پر ایاز امیر اور ان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست بھی منظور کر لی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں ملزم شاہ نواز امیر کے فنگر پرنٹس کے نمونے چاہئیں۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فنگر پرنٹس تو نادرہ سے بھی لئے جاسکتے ہیں۔ اس کے بعد فنگر پرنٹس لینے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

جج نے ملزم شاہ نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کب گرفتار کیا گیا؟ جس پر ملزم شاہ نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے جمعہ کی صبح گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شاہ نواز نے اپنی اہلیہ کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔

مقدمے کی مزید سماعت دو روز تک ملتوی کر دی گئی۔
مزیدخبریں