عمران خان کو نشانہ بازی کی تربیت دینے والے بزرگ شہری ان سے ملنے کے خواہشمند

01:09 PM, 25 Apr, 2020

نیا دور
ٹرائبل نیوز نیٹ ورک سے حاصل معلومات کے مطابق ضلع خیبر کی تحصيل جمرود کے رہائشی بزرگ حاجی حبیب نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جمرود پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی حبیب نے کہا کہ عمران خان 1993 میں قبائلی علاقوں کے دورے پر آئے تھے اور اس دوران ان کے آنے پر خیبر ایجنسی جمرود پرتنگی مادر خیل میں ہم نے والہانہ استقبال کیا تھا اور قبائلی روایات کے مطابق ان کے آگے فائرنگ کر کے سلامی پیش کی تھی۔

بزرگ شہری حاجی حبیب نے بتایا کہ عمران خان کو بندوق پر فائرنگ کا طریقہ اور نشانہ بازی بھی انہوں نے سکھائی۔ انہوں نے عمران خان کو مختلف بندوقوں، کلاشنکوف، تری نا تری اور پستول کے ذریعے نشانہ بازی کا طریقہ بتایا۔

حاجی حبیب کا کہنا ہے کہ وقت گزر گیا ہے، عمران خان اب وزیراعظم ہے، اللہ انہیں ملک کے مفادات میں کامیابی عطا فرمائے۔

انہوں نے موت سے پہلے عمران خان سے ملاقات کی دلی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔
مزیدخبریں