کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی

10:10 AM, 25 Apr, 2022

نیا دور
کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی۔

دعا زہرہ نے لاہور سے ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کراچی سے لاہور آئی تھی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کچھ دیر بعد دعا زہرہ ایک ویڈیو بیان میں ساری تفصیلات بتائے گی کہ وہ کس طرح کراچی سے لاہور پہنچی۔

دعا زہرہ کو لاہور پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے لاہور اور کراچی کی پولیس مسلسل رابطے میں ہے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ دعا زہرہ نے لاہور میں مبینہ نکاح کر لیا ہے، جس لڑکے سے نکاح کیا اس کا تعلق لاہور سے ہی ہے۔

خیال رہے کہ دعا زہرا کا یہ مبینہ نکاح صرف 14 سال کی عمر میں کیا گیا ہے اور ممکن ہے کہ اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے۔

اسی حوالے سے دعا زہرہ کی والدہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کے لیے پیغام دے رہی ہیں۔

دعا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں کئی دن سے سوئی نہیں ہوں، کھانا بھی نہیں کھایا جاتا، میری دوسری بچیاں بھی پریشان ہیں اور بہن کی یاد میں روتی ہیں۔

لاپتا دعا کی والدہ نے مزید کہا کہ میں اس سے بہت پیار کرتی ہوں اور اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، اگر دعا یہ ویڈیو دیکھ رہی ہو تو گھر آجاؤ اور اگر کوئی لے کر گیا ہے تو خدا کے واسطے ایک ماں کی بددعا مت لو، اسے گھر جانے دو، ماں باپ سے ملنے دو، ہم اس کے بغیر نہیں جی سکتے۔

یاد رہے کہ 10 روز قبل کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے تاہم پولیس اب تک دعا زہرہ کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھی۔
مزیدخبریں