فرح خان کو کروڑوں کی زمین ٹرانسفر، رقم کس نے ادا کی، اصل مالک کون؟ کئی سوالات جواب طلب

05:53 PM, 25 Apr, 2022

نیا دور
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرح خان کو بنی گالہ کے قریب زمین ٹرانسفر ہونے پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے۔ زمین منتقلی کی رقم کس نے ادا کی؟ اصل مالک کون ہے؟ کئی سوالات جواب طلب ہیں۔

فرح خان کو ٹرانسفر کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی زمینوں کے دستاویزات سامنے آ گئی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق بزنس ٹائیکون کے بیٹے نے کروڑوں روپے مالیت کی زمین فرح گوگی کے نام منتقل کی۔

دستاویزات کے مطابق موہڑہ نور اسلام آباد میں 200 کنال 6 مرلے منتقل ہوئے۔100 کنال ایک مرلے اور 100 کنال 5 مرلے کی 2 زمینیں ٹرانسفر کی گئیں۔ ایک منتقلی 10مارچ 2021، دوسری 26 اگست 2021 کو ہوئی۔

سماء نیوز کے مطابق اس سے قبل سابق خاتون اول کی دوست فرح بی بی کے گاؤں ميں  کروڑوں روپے کے منصوبوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے ضلع  شيخوپورہ ميں گزشتہ 3 سال ميں 18 ارب روپے کے فنڈز فراہم کيئے گئے۔ پنجاب میں کم وقت میں ترقی کرنے والا واحد گاؤں گھنگ ہے جو آج کل اپنی ترقی کی وجہ سے شہہ سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے۔

دوسری جانب 7 اپریل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن ليگ کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اقبال گجر نے فرح خان کو اپنی بہو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

رہنما ن لیگ چودھری اقبال گجر کا کہنا ہے کہ فرح کے کاموں سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، فرح خان کے خاندانی پس منظر کا مجھے معلوم نہيں، فرح خان نے ميرے بيٹے کو ہمارے خلاف کيا۔

واضح رہے کہ فرح خان پر گذشتہ چند دنوں میں حزبِ اختلاف کے متعدد رہنماؤں اور تحریک انصاف کے ناراض اراکین کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر کافی بحث اور بات چیت کی جا رہی ہے۔

رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق زمین دراصل ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی ہے۔ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان عمران خان کی حکومت ختم ہونے سے چند روز قبل دبئی جا چکی ہیں۔

 
مزیدخبریں