سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے وجاہت ملک کی ایک تحریر شئیر کی جس میں انہوں نے حکومت کے ساتھ ساتھ ہوٹل مالکان اور عوام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو شمالی علاقوں کی سیر کے لیے جا رہے ہیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ حکومت اور عوام کی غفلت کی وجہ سے کرونا وائرس سے محفوظ علاقے بھی اب محفوظ نہیں رہے اور اہم سیاحتی مقامات پر کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آنے کے بعد وفاقی وزیر اور چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے ایس او پیز کے تحت 10 اگست سے ملک بھر میں سیاحتی مقامات سمیت تقریباً تمام بند شعبہ جات کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے بڑی تعداد میں سیاح شمالی علاقہ جات کا رخ کررہے ہیں تاہم اب ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے سے کرونا کیسز میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے مطابق ضلع مانسہرہ کے تفریحی مقام وادی کاغان میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے جس کے باعث وہاں ایک بار پھر سے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ناران، کاغان اور شوگران مختلف ہوٹلوں کے اسٹاف میں سے اب تک 47 کی کورونا ٹیسٹ رپورٹس مثبت آچکی ہیں جس کے بعد یہ ہوٹل سیل کر دیے گئے ہیں جب کہ مقامی انتظامیہ نے ایک بار پھر سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کردی ہے۔