توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا عمران خان کے خلاف فیصلہ غلط تھا: جسٹس عامر فاروق

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا۔ ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے۔ ہم سماعت کو پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور اگر کوئی سماعت کے لیے نا بھی آیا تو فیصلہ کردیں گے۔

04:08 PM, 25 Aug, 2023

نیا دور

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق  نے ریمارکس دیے کہ  توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سزا کا فیصلہ غلط تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ امجد پرویز بیماری کے باعث پیش نہ ہوسکے۔

امجد پرویز کے معاون وکیل نے عدالت سے کہا کہ پچھلے 8 ماہ سے ہم نے التوا نہیں مانگا، ڈاکٹر نے انہیں دو دن کا بیڈ ریسٹ تجویز کیا ہے اور میرا وکالت نامہ اس کیس میں نہیں۔

اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواست اب کروشل سٹیج پر ہے۔ ضمانت کا معاملہ تھا۔ کون سا دلائل پر زیادہ وقت لگنا تھا۔ 15 سے 20 منٹ میں دلائل مکمل ہوجانے تھے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ بیس دن سے ایک شخص اندر ہے۔ معاون وکیل کا بھی وکالت نامہ موجود ہے۔ وہ دلائل دے سکتا ہے۔ آپ کا جونئیر جج جیل بھیج رہا ہے۔ یہ پیش نہیں ہورہے تو کیا آپ سزا معطل نہیں کرسکتے؟

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آج ہم اس کیس کے لیے بیٹھے ہیں۔ جمعہ کو ڈی بی نہیں تھی، ہم کیس کو پیر تک ملتوی کرسکتے تھے مگر نہیں کیا۔ ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے۔ہم نے سسٹم کو چلانا ہے۔ جو ٹرائل کورٹ نے کیا ہے وہ ایڈمنسٹریٹیو سائیڈ پر دیکھیں گے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا۔ ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے۔ ہم سماعت کو پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور اگر کوئی سماعت کے لیے نا بھی آیا تو فیصلہ کردیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید تین دن اندر رکھیں گے؟ پھر ہم عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ آپ نے جو کرنا ہے کریں۔

ایڈووکیٹ لطیف خان کھوسہ احتجاجاً عدالت سے واک آؤٹ کر گئے۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی عدم پیشی کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں