کشمیر لیگ کی تقریب رونمائی گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی جس میں گورنر سندھ اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی بھی شریک ہوئے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے دنیا کو پتہ چل جائے گا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کیا حالات ہیں اور آزاد کشمیر میں کیا حالات ہیں، وہاں گلیاں بھی بند ہیں اور یہاں کرکٹ ہو رہی ہے۔
کشمیر کمیٹی کے سربراہ شہریار آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل میں دنیا بھر کے کرکٹرز شریک ہوں گے جس سے پوری دنیا کو پیغام جائے گا کہ آزاد کشمیر میں کتنا ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور ثقافت کے ذریعے پوری دنیا میں کشمیر کا پیغام دیا جائے گا۔
یکم سے 10 اپریل تک ہونے والی پہلی کشمیر لیگ میں 6 ٹیمیں، راولاکوٹ ہاکس، باغ اسٹالینز ، اوور سی واریئرز، مظفرآباد ٹائیگرز ، میرپور رائلز اور کوٹلی پینتھرز شرکت کریں گی۔
کے پی ایل کے صدر عارف ملک کا کہنا ہے کہ لیگ پی سی بی سے منظور شدہ ہے، پہلے ایڈیشن میں صرف پاکستان کے ٹاپ کرکٹرز اور کشمیر کے مقامی کھلاڑی شامل ہوں گے اور دوسرے ایڈیشن سے غیر ملکی کرکٹرز بھی شرکت کریں گے۔