کیا آپ اصلی اور نقلی پرفیوم کی پہچان کر سکتے ہیں؟ آئیے آپ کو بڑا ہی آسان طریقہ بتاتے ہیں

06:33 PM, 25 Dec, 2021

نیا دور
خوشبو شخصیت کے نکھار کیلئے ضروری ہے۔ تاہم مارکیٹ میں نقلی پرفیومز کی بھرمار ہے۔ عام شہری اس کی پہچان نہیں کر سکتے۔ آئیے آپ کو ایسے طریقے بتاتے ہیں جس سے آپ فراڈ سے بچ سکتے ہیں۔

یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ اصلی پرفیوم کا رنگ مدھم ہوتا ہے نہ کہ تیز اور بھڑکیلا جبکہ نقلی پرفیوم میں کئی قسم کے اجزا شامل ہونگے جس کی وجہ سے پرفیوم کا رنگ تیز اور گہرا نظر آتا ہے۔

پرفیوم کی بوتل کی فنشنگ نقلی پرفیوم والی بوتل کبھی بھی ہموار اور فنشنگ میں سموتھ نہیں ہو گی، اس کی فنشنگ ناہموار اور پرفیوم کی چمک مدہم دکھائی دے گی اور اس بوتل کے پیندہ کی شکل بھی عجیب ہو گی جبکہ اصلی پرفیوم کی بوتل ڈیزائن کے حوالے سے ہموار اور سموتھ ہوتی ہے جس کے نوزل کا سائز بھی زیادہ بڑا نہیں ہوگا۔

کسی بھی پرفیوم کو خریدنے سے پہلے یہ یقین کر لیں کے اس کے ڈبے پر موجود سیریل نمبر بوتل پر موجود سیریل نمبر سے مماثلت رکھتا ہے یا نہیں کیونکہ اگر سیریل نمبر میں یکسانیت نہیں ہوگی تو فورا سمجھ جائیں کہ پرفیوم جعلی ہے۔

ڈبے پر موجود پلاسٹک ریپنگ بھی اس پرفیوم کے اصلی یا نقلی ہونے کا اندازہ لگانے میں بڑی حد تک معاون ہو سکتی ہے۔ ڈبے پر موجود پلاسٹک ریپرنگ چیک کریں کیونکہ اگر ریپر کی فولڈنگ ناہموار یا 5 ملی میٹر سے چوڑی ہیں تو آپ کا پرفیوم نقلی اور جعلی ہے۔

یاد رکھیں کہ اصلی اور برانڈڈ پرفیوم کے ڈبے میں اندرونی پیپر صاف سفید رنگ کا ہوتا ہے ناکہ سرمئی رنگ کا جبکہ ڈبے میں ایک گتہ بھی موجود ہوتا ہے جو بوتل کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے رکھا گیا ہوتا ہے۔

بوتل پر موجود لوگو متوازن اور بوتل یا ڈھکن کے مرکز میں چسپاں ہونا چاہیے کیونکہ اگر یہ لوگو بوتل پر لگے ڈھکن کی سیدھ کے مرکز میں نہ ہوا تو پرفیوم کی کوالٹی کے بارے میں سوال پیدا ہوگا۔

عموماً لوگ اس بات کو ضروری نہیں سمجھتے کہ پرفیوم خریدنے سے پہلے اطمینان کیساتھ اس کمپنی کی ویب سائٹ وزٹ کر لیں جس سے ایک تو پرفیوم کی اصل قیمت کا پتا چل جاتا ہے اور دوسرا یہ کہ اس سے آپ کو اس کے رنگ اور کمپنی کی پیکنگ وغیرہ کے بارے میں بھی پتا چل جاتا ہے جبکہ پرفیوم کے انگریڈینٹس سے بھی واقفیت ہو جاتی ہے۔ لہذا کسی بھی پرفیوم کی خریداری سے پہلے اس کی ویب سائٹ کو ضرور وزٹ کر لیں۔

کسی بھی پروڈکٹ کی آن لائن خریداری میں آپ کے ساتھ فراڈ اور دھوکہ ہونے کے چانسز زیادہ ہو جاتے ہیں کیونکہ اس طرح نہ تو آپ پرفیوم کو دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی اس کی خوشبو کا معائنہ کر سکتے ہیں تو کبھی بھی پرفیوم کی آن لائن خریداری نہ کریں بلکہ پرفیوم خریدنے کیلئے خود جائیں اور اچھی طرح چیک کرکے خریدیں۔

پرفیوم برانڈ کبھی بھی اپنی قیمت میں ڈسکاونٹ نہیں دیتے بلکہ یہ کام صرف جعلی پرفیوم بیچنے والی کمپنیاں ہی اپنے صارفین کیساتھ کرتی ہیں جس کا مقصد قیمت کم کر کے غلط اور جعلی چیز فروخت کرنا ہوتا ہے۔
مزیدخبریں