ڈان نیوز میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق کے پی کے حکومت نے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال کو کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص کر کے ایسولیشن وارڈ کی سہولت کا اعلان کیا تھا۔
اعلامیے میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے لیے ہسپتال میں نیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتال میں آنے والے مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کے لیے قومی ادارہ برائے صحت کو بھیجے جائیں گے۔ تاہم، ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پولیس اینڈ سروسز ہسپتال میں سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں کو داخل نہیں کیا جا رہا۔
اس حوالے سے تازہ کیس ایک 25 سالہ مریض کا سامنے آیا ہے جسے کرونا وائرس کے لیے مختص پولیس اینڈ سروسز ہسپتال نے یہ کہتے ہوئے داخل کرنے سے انکار کر دیا کہ ان کے پاس انتہائی نگہداشت یونٹ کی سہولت میسر نہیں جس میں نازک صورتحال کے مریض کا علاج کیا جا سکے۔ بعدازاں مریض کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ایسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا۔